بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، چیئرمین نیب

اسد منیر کی مبینہ خودکشی: چیئرمین نیب کا خود انکوائری کا فیصلہ

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد:قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے تمام افسران کو میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوششیں دوگنا کرنے کی ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے، قومی فرض کی ادائیگی کیلئے بلاامتیاز احتساب اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔

نیب ہیڈ کوارٹرز میں تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب پیشہ واریت، شفافیت اور قانون پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے تمام علاقائی بیوروز کی خوبیوں اور خامیوں کے تناظر میں کارکردگی کے جائزہ سے متعلق جدید مقداری گریڈنگ نظام وضع کیا ہے، یہ نظام نیب کے علاقائی بیوروز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کامیاب رہا ہے اور اب نیب کے کام کا مستقل حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل میتھٹڈالوجی شکایات کی جانچ پڑتال، انکوئری اور انوسٹی گیشن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو 2017ء کے مقابلہ میں 2018ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان سارک ممالک کے اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے، نیب کی کوششوں سے یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

عالمی اقتصادی فورم اور مشال پاکستان کے عالمی مسابقتی اشاریوں کے مطابق پاکستان 102 سے 99 ویں نمبر پر آ گیا ہے جو کہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نئے عزم سے کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں، نیب نوجوانوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

نیب کی طالب علموں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کی یہ مہم بڑی کامیاب رہی ہے۔ مزید کالجز اور یونیورسٹیاں بھی نیب کی اس آگاہی مہم میں شامل ہو رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں