یاسر شاہ کی 14 وکٹیں، پاکستان کی دبئی ٹیسٹ میں بڑی فتح

فوٹو: ٹویٹر


دبئی: لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 131 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا تاہم آغاز کے کچھ دیر بعد ہی 146 رنز پر ٹام لیتھم نصف سنچری مکمل کرکے پویلین لوٹ گئے۔

شاہینوں کا چوتھا شکار راس ٹیلر بنے جنہوں نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بلال آصف کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دیگر کھلاڑی سابقہ روش کو برقرار رکھتے ہوئے پویلین لوٹتے رہے، کیویز کی جانب سے اوپنر جیت راول دو رنز بنا سکے، کپتان کین ولیمسن 30، واٹلنگ 27، گرینڈہوم 14 اور اش سودھی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گزشتہ روز بارش کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع کیا گیا تھا، چوتھے روز کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے شروع کیا گیا۔

اختتامی تین بلے باز بھی پاکستانی گیند بازوں کا سامنا نہ کرسکے اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 312 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے میچ میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ دوسری اننگز میں بھی لیگ اسپنر 6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

نیوزی لینڈ ٹیم فالو آن کرنے پر مجبور ہوگئی

اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے 418 رنز کے جواب میں صرف 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد پاکستان نے بلیک کیپس سے فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

فالو آن اننگز کے تیسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا لیے تھے، کیویز کی دونوں وکٹیں یاسر شاہ کے نام رہیں، اب میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

یاسر شاہ نے پہلی اننگ میں 48 رنز دے کر آٹھ کھلاڑیوں کے میدان سے باہر کی راہ دکھائی تھی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں شاہین بالرز کی تباہ کن باؤلنگ کے جواب میں چھ کیوی بلے باز بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کا کھیل

تیسرے دن کھیل کے آغاز پر کیویز نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا لیکن ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز شاہین بالرز کے سامنے نہ ٹک سکے، 50 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ گری، جیت راول صرف 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کے 61 اسکور پر یاسر شاہ نے  تین کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی، ٹام لیتھ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے راس ٹیلر اور ہنری نکولس بغیر کوئی کھاتہ کھولے ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف تین کھلاڑی ڈبل فگر کراس کر سکے۔ یاسر شاہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کا کھیل

کھیل کے دوسرے روز  گرین کیپس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز سے پہلی اننگز کو آگے بڑھایا، ابتدائی وکٹیں گنوانے کے بعد حارث سہیل اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا تو کیوی بالرز کی ایک نہ چلی۔

دوسرے روز حارث سہیل نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ وہ 147 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے، دوسری جانب موجود بابر اعظم نے بھی کیوی بالرز کو دن بھر مصروف رکھا، بابر اعظم 127 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

418 کے مجموعی اسکور پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں کیویز کی ٹیم میدان میں آئی تو دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنائے۔

پہلے دن کا کھیل

گزشتہ روز کھیل کے آغاز میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اوپنر بلے باز کھیل کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے۔ امام الحق اور محمد حفیظ 9،9 رنز بنا کر کولن ڈی گرانڈ ہوم کی گیند کا شکار بنے۔

اظہر علی اور حارث سہیل نے اوپنر بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز سنبھالی تو تیسری وکٹ کی شراکت میں 126 رنز جوڑے۔

پاکستان کو تیسرا جھٹکا اظہر علی کی صورت میں لگا جو 81 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق صرف 12 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر نیل ویگنر کو کیچ تھما بیٹھے۔

دن کے اختتام پر حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

یاسر شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ تین دسمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں