دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کی افتتاحی تقریب سے صدر کا خطاب



کراچی: صدر پاکستان عارف علوی نے کراچی میں منعقدہ چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا  افتتاح کردیا ہے۔ 10ویں دفاعی نمائش27 سے30 نومبر تک ایکسپو سینٹرمیں ہورہی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر پاکستان نے کہا کہ ہمارا ملک جنگ نہیں چاہتا اور امن  کاخواہاں ہے بھارت کو چاہیے کہ بہانے بنانے کے بجائے مذاکرات کی میز پر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی سے جنگ کا خواہش مند نہیں لیکن اگر ہمارے اوپر جنگ مسلط کی گئی تو دفاع کرنا جانتے ہیں۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاک افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری فوج کا کردار واضح ہے۔

آئیڈیاز2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا افواج پاکستان دنیا بھر میں مضبوط ترین ہے اور ہمارے ایٹمی ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ہم جانتے ہیں ملک کا دفاع کیسے ہوتا ہے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری نمائش میں دنیا کے 51 مختلف ممالک سے آئے اعلیٰ سطح کے 262 وفود نمائش میں شرکت کریں گے۔

دنیا بھر سے 50 ممالک 552 سٹالز پر اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گے۔ نمائش میں 321 غیر ملکی اور 201 پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔

پاکستان کے علاوہ چین، امریکہ، چیک ریپبلک، فرانس، جرمنی، اٹلی، روس، پولینڈ، ترکی، دبئی اور جنوبی کوریا بھی نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر سے سینکڑوں اسلحہ ساز کمپنیاں بھی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گی۔

ایکسپو سینٹر میں ہونے والی کے نمائش پہلے دو روز غیرملکی وفود، تاجروں اور نیٹ ورکنگ کی سرگرمیوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ نمائش کے تیسرے روز پاک فضائیہ کی جانب سے سی ویو پر فضائی شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جے ایف 17 تھنڈر کے علاوہ ایف 16 کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔

کراچی کا ٹریفک پلان

ایکسپوسنٹر کراچی میں نمائش کی وجہ سے وفاقی اردویونیورسٹی کےامتحانات منسوخ  کر دیے گئے ہیں اور  ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے متبادل راستوں کا انتظام کیا ہے۔ ایکسپو سینٹر کے ملحقہ علاقوں کے رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا ایریا میں جاسکیں گے۔

ٹریفک پولیس نےعوام الناس سے گزارش کی ہے کہ زحمت یا پریشانی سے بچنے کےلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔

عوام کو چاہیے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں مناسب رہنمائی حاصل کرنے کے لیے 1915 ملائیں یا فیس بک www.facebook.com/karachitrafficpolice پر اور یا واٹس ایپ 03059266907 پر ٹریفک پولیس نمائندے سے رابطہ کریں۔


متعلقہ خبریں