ناسا کا خلائی مشن لینڈ کرگیا، چھ پاکستانیوں کا نام مریخ پر ثبت

فوٹو: ٹویٹر


نیویارک: خلائی تحقیقاتی ادارے ‘ناسا’ کا بغیر پائلٹ جہاز ’انسائٹ‘ چھ ماہ کی طویل مسافت خلا میں طے کرکے جب مریخ کی سطح پر پہنچا تو جہاں اس نے انسانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب رقم کیا تو وہیں اس ’اجنبی‘ سیارے پر چھ پاکستانیوں کے نام بھی ہمیشہ کے لیے ثبت کردیے۔

ناسا ماہرین نے موصول ہونے والی تازہ ترین تصاویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔

ناسا کے مطابق انسائٹ زمین سے 54 کروڑ 80 لاکھ کلومیٹر کا سفر طے کر کے مریخ پر پہنچا ہے۔ پروگرام کے تحت انسائیٹ دو سال تک مریخ کی سطح پر موجود رہے گا۔

ناسا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز سورج کی روشنی سے توانائی حاصل کرکے کام کرے گا اور مختلف پہلوؤں سے مریخ کی سرزمین کا جائزہ لے گا۔

9 کروڑ 93 لاکھ ڈالرز کی لاگت سے تیار کیے گئے اس خلائی جہاز میں فرانسیسی خلائی ایجنسی کے آلات نصب ہیں۔ یہ خلائی جہاز ایک گھنٹے میں 19 ہزار 800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتا ہے۔

365 کلوگرام وزن کے حامل اس خلائی جہاز پر گرمی سے بچنے کے لیےخاص ہیٹ شیلڈ لگائی گئی ہے جو تقریباً 15 سو ڈگری سینٹی گریڈ تک کی گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس خلائی مشن کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ناسا نے مشن کے ساتھ ان  افراد کے نام بھی مریخ کی سرزمین پر بھیجے ہیں جو خلائی تحقیق اور اس سے متعلق علوم میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

مریخ کی سرزمین پر بھیجے جانے والے افراد کے ناموں میں چھ پاکستانیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ ان خوش نصیب پاکستانیوں میں صادقہ خان، شنکر لال، محمد شاہ زیب صدیقی، علی خان، ڈاکٹر نذیر خواجہ اورسید منیب علی شامل ہیں۔

ناسا لیبارٹری میں انسائیٹ کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے والے ماہرین نے جہاز کی بحفاظت لینڈنگ پرخوشی کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں