سمت درست ہے قوم سے کیے وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم

ہماری اصلاحات کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ، وزیراعظم

وزیراعظم نے مشاورت مکمل کرلی، کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ حکومت کی سمت درست ہے اور ہم عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومت کے 100 روز مکمل ہونے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں مشیر خاص شہزاد ارباب، معاون خصوصی نعیم الحق،  سیکریٹری اعظم خان، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور سینیٹرفیصل جاوید شریک ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کی سمت درست ہے، اہداف حاصل کریں گے، ہماری اصلاحات کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور ملک کی معیشت کو جلد پاؤں پر کھڑا کر دیں گے۔

اجلاس میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی اور اہداف کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم کو سادگی و کفایت شعاری مہم اور نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریف کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ادارہ جات اصلاحات اقر ٹاسک فورسز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں 100 روزہ پلان کی تقریب کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں مواصلات، قانون و انصاف، موسمیاتی تبدیلی، ہاوسنگ، ریلویز، نجکاری اور محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس

وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی جمعرات 29 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور کابینہ ارکان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جب کہ کابینہ اپنے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی۔

کابینہ اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوگا جس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر غور کیا جائے گا جب کہ وزیر خزانہ اسد عمر ملک کی معاشی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔

کابینہ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں کی منظوری کے علاوہ مختلف اداروں میں تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں