اسکولز خالی کرانے کا کوئی ارادہ نہیں ، سعید غنی


کراچی: صوبائی وزیربلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ کل بھیجے جانے والے نوٹسز غلط فہمی کا نتیجہ تھے، اسکولز خالی کرانے کا کوئی ارادہ نہیں، مالکان اپنے اسکول چلائیں۔

کراچی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایک بچے کی بھی تعلیم متاثر نہیں ہوگی، کل ایک غلط پیغام پہنچا ہے، اسکولز کو بند کروانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

وزیربلدیات نے کہا کہ رہائیشی علاقوں میں اسکولوں سے طالب علموں کا قصور نہیں، ہم نے ڈی جی بلڈنگ کنٹرول کو کہا تھا ان کے خلاف اتنی جلدی کارروائی نہیں کرنی۔

یاد رہے کے پیر کے روز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کراچی کے رہائشی علاقوں میں قائم پرائیویٹ اسکولز کیخلاف جلد ایکشن متوقع ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رہاشی علاقوں میں کاروبار کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

وزیربلدیات نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جن اسکولز میں تمام سہولیات موجود ہیں وہ اپنے آپ کو بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تحت ریگولرائز کرالیں انہیں خالی نہیں کرایا جائے گا، ہمارا اسکولز خالی کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اگر کسی نے غیر قانونی تعمیرات کیلئے پیسے لیے ہیں تو ہمیں بتائیں ایکشن لیا جائےگا۔


متعلقہ خبریں