پی ٹی آئی کا یو ٹرن، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوابدیدی فنڈز مانگ لیا

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب میں ایک اور یو ٹرن لے لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پانچ کروڑ روپے کے صوابدیدی فنڈز مانگ لیے۔ پی ٹی آئی کا ایک اور دعویٰ زمین بوس ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صوابدیدی فنڈز نہ لینے کا اعلان کیا تھا تو اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ صوابدیدی فنڈزنہیں لیں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق اعلان کے باوجود وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ کے لیے پانچ کروڑ روپے کے صوابدیدی فنڈز مانگے گئے ہیں۔

ہم نیوز کو ملنے والے مراسلے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اسپیشل سیکریٹری کے دستخط ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے دور حکومت میں ایک کھرب 50 ارب روپے کا صوابدیدی فنڈز مقررتھا۔ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں فنڈز کو ختم کردیا تھا مگر اب اسپیشل سیکریٹری پنجاب کے مراسلے نے کیے گئے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے  کابینہ اجلاس میں وزرا سے کہا تھا کہ کسی کا کوئی صوابدیدی فنڈ نہیں ہوگا کیونکہ صوابدیدی فنڈز کو ختم کیا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل کی حکومت نے صوابدیدی فنڈز اراکین اسمبلی  کو دیے اور خود بھی استعمال کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اپنے قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت ان کا مؤقف تھا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سادگی کلچراپنایا جائے گا، حکومتی اخراجات کم کیے جائیں گے، پروٹوکول نہیں ہوگا اور پرچی سسٹم و سفارشی کلچرکا یکسر خاتمہ کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں