کرتارپور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل شکرگڑھ میں سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

سنگ بنیاد کی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو سمیت بھارت کا سرکاری وفد، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار مختلف ممالک کے سفارتکار اور دیگر لوگ شریک ہیں۔

اس وقت سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے مختلف مہمان خصوصی خطاب کر رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سدھو نے دونوں ممالک کے درمیان امن برھانے کی بات کی جب کہ  بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے کہا کہ آج سکھ برادری کے لیے تاریخی دن ہے۔

وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسے مذید منصوبے ہونے چاہیئے تاکہ خطہ میں امن کو فروغ ملے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جب تک ماضی کی زنجیریں نہیں توڑیں گے آگے نہیں بڑھ سکیں گے، جب جرمنی اور فرانس آگے بڑھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں۔

تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی وفد، جس میں بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوریشریک ہیں، واہگہ بارڈر کے راستے کل پاکستان پہنچا تھا، وفد میں تقریبن 17 بھارتی صحافی بھی شامل ہیں۔

کرتار پور راہداری منصوبہ

کوریڈور بننے کے بعد سکھ یاتریوں کو اسپیشل پرمٹ پر پاکستان آنے کی سہولت ملے گی۔ پاکستان اپنی حدود میں سرحد سے گردوارے تک ایک سڑک بھی تعمیر کرے گا اور دریائے راوی پر پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔

بھارت سے آنے والے مہمان بغیر ویزہ اسپیشل پرمٹ کے ذریعے گردوارے تک آ سکیں گے  اور پاکستان رہنے کا دورانیہ مخصوص ہو گا۔

دوسرے مرحلے میں سکھ یاتریوں کے لیے ہوٹل اور قیام گاہیں تعمیر ہوں گی، گاڑیوں پر آنے والے یاتریوں کے لیے پارکنگ کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

حکومت امیگریشین کاؤنٹر بنائے گی جہاں سے پرمٹ لینے کے بعد زائرین کو مخصوص گاڑیوں میں گردوارے تک لے جایا جائے گا، بائیو میٹرک ویری فیکیشن بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

کرتارپور کے مقام پر بابا گرونانک نے زندگی کے آخری ایام گزارے تھے، اس جگہ ان کی سمادھی بھی ہے، جو بارڈر کے دونوں طرف بسنے والوں کے لیے مقدس مقام ہے۔


متعلقہ خبریں