تین ماہ میں ایک جھپی رنگ لے آئی ہے، نوجوت سنگھ سدھو

بہت خون خرابا ہو چکا ہے اب اس آگ پر پانی ڈالنے کا وقت آ گیا ہے

  • جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا وہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں، میں نے ان سے کہا کہ میں جنرل بننا چاہتا ہوں

اسلام آباد: صوبائی وزیر بھارتی پنجاب اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ بہت خون خرابا ہو چکا ہے اب اس آگ پر پانی ڈالنے کا وقت آ گیا ہے، پاکستان اور بھارت کی عوام کے درمیان رابطے کی ضرورت ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے دونوں ملکوں کو آگے بڑھنا چاہیے اور اس کے ساتھ ہمیں اپنی سوچ کو بدلنے کی بھی ضرورت ہے، تین ماہ میں ایک جھپی رنگ لے آئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے قدم سے جنگ جیت لی، کرتارپور راہداری کھول کر انہوں نے ہمیں بہت بڑا تحفہ دیا ہے، انہوں نے تین ماہ میں اپنا وعدہ پورا کیا ہے، کرتارپور کی تاریخ کے صفحے پر عمران خان کا نام سب سے پہلے لکھا جائے گا۔

کرکٹ کےحوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی مداحوں سے ہار برداشت نہیں ہوتی، وہ چاہتے ہیں کہ ٹیم ہمیشہ جیت کا سہرا اپنے سر باندھے۔

پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے نوجوت سنگھ سدھونے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا وہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں، میں نے ان سے کہا کہ میں جنرل بننا چاہتا ہوں۔

نوجوت سنگھ سدھو گزشتہ روز بھارت سے پاکستان تشریف لائے اور اپنی باتوں سے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے۔

آج کرتارپور راہداری منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب سے انہوں نے خطاب کیا اور پاکستانی عوام اور حکمرانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان میں آج کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس میں سابق بھارتی کرکٹر سمیت دیگر دو بھارتی وزراء نے بھی شرکت کی ہے، بھارت سے آنے والے ان مہمانوں کا واہگہ بارڈر پربھرپور استقبال کیا گیا ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے واہگہ بارڈر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔

پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان برسوں پرانی دوریوں کے ختم ہونے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

کرتار پور راہداری کھولنے سے دنیا میں پاکستان کا بہت مثبت تاثر گیا ہے، محسن شاہ نواز

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محسن شاہ نواز نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے سے دنیا میں پاکستان کا بہت مثبت تاثر گیا ہے، بھارت سے تعلقات میں بہتری لانے کے حوالے سے یہ ایک اچھا قدم تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن سے پہلے عوام کو گولیاں دیں جوعوام نے کھا بھی لیں لیکن اب یہ اور گولیاں نہیں دے سکتے، اب حکومت کو کارکرگی دیکھانے کی ضرورت ہے، صرف باتوں سے کام نہیں چلتا۔

انہون نے بتایا کہ تحریک انصاف میں ایک طبقہ ایسا ہے جس کا کام صرف وزیر اعظم عمران خان کی خوشامد کرنا ہے، عمران خان کوایسے لوگون سے دور رہ کر سنجیدہ ہو کر ملک کے لیے اچھے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ملک چلانا مشکل ہے۔

 100 روز میں اس حکومت نے ایک بھی قانون سازی منظور نہیں کرائی، مرتضیٰ وہاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 100 روز میں اس حکومت نے ایک بھی قانون سازی منظور نہیں کرائی، کوئی بھی کام قانون سازی کے بغیر کیسے ہو سکتا ہے؟ تحریک انصاف کی حکومت نے ابھی تک عوام کو اپنی کوئی واضح پالیسیاں نہیں بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب ہر سیاسی جماعت کے کارکنان کا ہونا چاہیئے، شک تب ہوتا ہے جب کارروائی کے دوران (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو جاتے ہیں لیکن تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف ایسا کچھ نہیں ہوتا۔

ہم نے آتے ہی اپنے دو وزرا کو نکال دیا، عندلیب عباس

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا کہ 100 دن کا مطلب یہ نہیں ہوتا ہے کہ سب معاملات حل ہو جائیں گے بلکہ ان دنوں میں حکومت اپنی سمت طے کرتی ہے۔

احتساب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آتے ہی اپنے دو وزرا کو نکال دیا تھا۔


متعلقہ خبریں