سرکاری اشتہارات، وزیر اعلیٰ سندھ کو 14 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ پاکستان نے وزیر اعلیٰ سندھ یا پیپلز پارٹی کو دس دن میں 14 لاکھ 85 ہزار روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں سرکاری اشتہارات میں تصویر چھپوانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے خیبرپختونخوا ( کے پی) حکومت کی جانب سے بھی دو اشتہارات میں سابق وزیر اعلیٰ کے پی  پرویز خٹک کی تصویر چھاپنے پر تین دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات کے پی کی جانب سے دس دن تک اشتہار چھاپنے کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کر دی گئی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار سیکرٹری اطلاعات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کو ذاتی جیب یا تنخواہ سے 30 ہزار روپے کٹوا لیے جائیں۔ آپ سرکاری افسر بن کر سیاسی لوگوں کے جائز و ناجائز کا دفاع کرتے ہیں۔ ہمیں ایسے افسران سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کیوں نہ پرویز خٹک کو عدالت بلا لیتے ہیں۔ کے پی حکومت کی جانب سے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو تین دسمبر تک بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سرکاری اشتہارات میں ذاتی تصاویر چھپوانے پر 50 لاکھ روپے جمع کروانے کا حکم دے چکی ہے۔


متعلقہ خبریں