پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز، وزیرخزانہ کا انکار

’حکومت پیٹرول پر فی لیٹر 38 روپے ٹیکس وصول کررہی ہے‘

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ اوگرا نے وزارت پٹرولیم کو بھیجی جانے والی سمری میں سفارش کی ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 21 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی جائے۔

ذرائع کے مطابق سمری میں ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قمیت میں نو روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسی طرح اوگرا کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری میں مٹی کا تیل بھی پانچ روپے 79 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

آئینی و قانونی طریقہ کار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری کل وزیراعظم اور وزارت خزانہ کی جانب سے دی جائے گی اور یا بھیجی جانے والی سفارشات مسترد ہوجائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹرول مہنگا نہیں سستا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت  میں دسمبر تک کمی ہو گی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت میں آتےہی ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کا خاتمہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کے نرخ پر فیصلہ ہو چکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سے کہہ دیا ہے کہ معاشی بحران ختم ہوچکا ہے۔


متعلقہ خبریں