ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب سے زائد ہوگئے، اسٹیٹ بینک


اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 14 ارب 57 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔

بینک نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ 23 نومبر تک بیرونی قرض اوردیگر ادائیگی کی مد میں 22.5 کروڑ ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں ماہ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر ملے ہیں۔

اس سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر کی مالیت میں 77.6 کروڑ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 8.06 ارب ڈالر ہو گئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 6.51 ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کے دورے پر گئے تھا جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہے۔

موجودہ حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دور کرنے اور معیشت کی حالت بہتر کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے چین اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی مذاکرات کیے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں