ٹرمپ نے پیوٹن سے طے شدہ ملاقات کرنے سے انکار کردیا


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرائن کے درمیان پیدا ہونے والی سمندری کشیدگی پر روسی صدر پیوٹن سے  طے شدہ ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پہ جاری اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ “حقیقت یہ ہے کہ روس کے قبضے سے یوکرائن کے بحری جہاز اور سیلرز واپس نہیں گئے ہیں توایسی صورتحال میں سب کے لئے بہتر یہی ہے کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک روسی صدر پیوٹن سے جی 20 اجلاس میں طے شدہ ملاقات نہیں کی جائے”۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ ’’روس اور یوکرائن کا معاملہ حل ہوتے ہی ارجنٹائن میں روسی صدر ولادی مرپیوٹن کے ساتھ دوبارہ بامعنی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں‘‘۔

امریکہ کے صدر ٹرمپ نے یہ ٹوئٹ ارجنٹائن میں منعقدہ جی 20 سمٹ میں روانگی سے قبل اپنے خصوصی طیارے ایئر فورس ون سے کی۔ روانگی سے ایک گھنٹہ قبل امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جی 20 سمٹ اجلاس میں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس طرح اپنے بیانیے سے ہٹ جانے کو سیاسی مبصرین حیران کن عمل قرار دے رہے ہیں۔

روس اور یوکرائن کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے جاری کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب اتوار کے دن روسی افواج نے یوکرائنی جنگی بحری جہازوں و کشتیوں پر سمندری حدود کی خلاف کا الزام عائد کرتے ہوئے قبضہ کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بیونس آئرس میں ہونے والے جی 20 ممالک کے اجلاس میں ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ملاقات طے تھی۔ امریکہ نے یورپی ممالک سے یوکرائن کو مزید مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں