ملک بھر میں خشک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان

ملک بھر میں آج موسم خشک رہے گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے  اکثر علاقوں میں خشک سردی پڑنے کا امکان ہے اور کہیں بھی بارش متوقع نہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں  صبح کے وقت خنکی میں اضافہ دیکھا گیا اور درجہ حرارت بھی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق اسلام آباد کا درجہ حرارت کم سے کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کے اکثر اضلاع میں خشک سردی پڑنے کا امکان ہے اور آئندہ دو روز تک کہیں بھی بارش متوقع نہیں۔

لاہور میں مطلع صاف ہونے کے باوجود صبح کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 26 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی مظفرآباد میں پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آ سکتا ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں جمعہ کے روز مطلع ابر آلود رہنے اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ مانسہرہ اور بٹگرام میں سب سے زیادہ سردی پڑ سکتی ہے جہاں درجہ  حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

بلوچستان اور سندھ کے تمام اضلاع میں آئندہ چند روز تک خشک سردی پڑے گی اور کہیں بھی بارش کا امکان نہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں