ڈالر کی قیمت بڑھنے سے اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج:  کاروبار میں مثبت رجحان

فوٹو: فائل


کراچی:  اسٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت تاریخ میں پہلی بار آٹھ روپے اضافے کے ساتھ 142 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جس کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھے گئے ہیں۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغازہوا اور 100 انڈیکس میں 50 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کاروبار کے آغاز میں 100 انڈیکس 40 ہزار669  پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، تاہم فوراً بعد کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا اور مارکیٹ میں 100 انڈیکس 40 ہزار 927 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

ڈالر کی قیمت میں آٹھ روپے کا اضافہ ہوا  تو مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان دیکھا گیا، 100 انڈیکس مارکیٹ کا اختتام 89 پوائنٹس کمی کے بعد 40 ہزار 496 پر ہوا۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان بھی کر دیا ہے، پالیسی کے مطابق بنیادی شرح سود میں 1.5 فیصد اضافہ کر کے اسے 10 فیصد کردیا گیا ہے جس کے بعد بنیادی شرح سود 5 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق شرح سود میں اضافے سے مقامی قرض پر سالانہ سود کی ادائیگی 240 ارب روپے بڑھ گئی ہے، مہنگائی کی شرح جولائی تا اکتوبر 2018 کے دوران 5.9 فیصد رہی ہے، معیشت کو مہنگائی اور بجٹ خسارہ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

 


متعلقہ خبریں