علیمہ خان کا ٹیکس ریکارڈ سپریم کورٹ میں طلب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم کی بہن علیمہ خان کا ٹیکس ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے بینچ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

ممبر ٹیکس ایف بی آر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی بہن علیمہ خان نے ٹیکس ایمنسٹی سے فائدہ اٹھایا ہے، ٹیکس ریکارڈ کی معلومات نہیں دے سکتے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ٹیکس ریکارڈ کی معلومات صیغہ راز میں رکھنی ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ آپ ہمیں سربمہر لفافے میں معلومات دیں، ہم دیکھ لیں گے۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے پورے پاکستان کو نوٹس جاری کردیا ہے ہم نے 20 بندوں سے متعلق تحقیقات کا کہا تھا۔

وقفے کے بعد سپریم کورٹ نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا ٹیکس ریکارڈ کل لاہور رجسٹری میں طلب کر لیا۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئ تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا علیمہ خان کا ریکارڈ جمع ہوگیا ہے، تو نمائندہ ایف بی آر نے جواب دیا کہ علیمہ بی بی کی فائل لاہور سے آرہی ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر فائل لاہور سے آرہی ہے تو اسے روک دیں کل ہم لاہور میں ہی اس کی سماعت کریں گے۔


متعلقہ خبریں