پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے کمی کا اعلان



اسلام آباد: وزیرخزنہ اسد عمر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اعلان کیا عوام کو رعایت دینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرخزانہ نے مٹی کے تیل میں تین رو پے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

اسد عمر نے بتایا کہ سابق حکومتوں میں سیلزٹیکس  15 روپے تھا، نومبر کے مہینے میں سیلز ٹیکس 12 روپے رہ گیا اور اب نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول پر سیلزٹیکس 8 فیصد کیا جب کہ ڈیزل پر 13 فیصد ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ روپے کی قدر میں کمی بیشی مرکزی بینک کا اختیار ہے۔ روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ ڈالر کی مانگ کی وجہ سے ہے سابق حکومتیں مصنوعی طریقے سے ڈالر خرید کر کمی پوری کرتی تھیں۔

اسد عمر نے بتایا کہ روپے کی قدر میں مصنوعی اضافہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومتوں نے قرضے لیے اور انہیں روپے کی قدر بہتر کرنے کیلیے استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈالر کی قیمت مصنوعی طریقے سے کنٹرول نہیں کریں گے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا جب تک ہم اپنے کسانوں اور صنعت کاروں کو رعایت نہیں دیں گے اس قسم کی صورتحال پیدا ہوتی رہےگی، گزشتہ چارسالوں میں فیصل آباد کا مزدور بے روزگار ہوگیا اور فیکٹریاں فروخت ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی، صنعتی مسائل حل کرنے اور پیداوار بڑھانے کے لیے پالیسیاں بنا رہے ہیں تاکہ انہیں مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔


متعلقہ خبریں