سات بڑے شہروں میں پولیو کا خطرہ

کراچی، سکھر، لاہور، راولپنڈی، مردان، پشاور اور اسلام آباد کے گٹروں میں وائرس کی موجودگی

  • پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد پولیو کے قطروں سے محروم ہے

اسلام آباد:  پاکستان پولیو پروگرام کی جانب سے گٹر میں موجود پولیو وائرس کے نمونوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں ہیں، جن کے مطابق ملک کے سات بڑے شہروں کے گٹروں میں وائرس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق کراچی، سکھر، لاہور، راولپنڈی، مردان، پشاور اور اسلام آباد کے گٹروں کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

انسداد پولیو پروگرام نے والدین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سے 13 دسمبر کو شروع ہونے والی پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو قطرے لازمی پلائیں۔

ملک میں موجود گٹروں کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد پولیو کے قطروں سے محروم ہے۔

فوکل پرسن انسداد پولیو بابرعطا کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پولیو کے حوالے سے تفصیلات  جاری کی جارہی ہیں، ان کا مقصد والدین کو پولیو کے خطرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور اور کراچی کے سیوریج پانی میں پولیو وائرس کی موجود گی کا انکشاف پہلے بھی کیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ ملکی دارالحکومت  اسلام آباد میں بھی اس حوالے سے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئی تھیں، اسی حوالے سے فوکل پرسن پولیو بابرعطا نے ڈی سی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد پولیوسے بچاؤ کے لیے اسلام آباد میں اہم اقدامات کرنے کا  فیصلہ بھی کیا گیا تھا، ملاقات میں ایس ایس پی اور پولیو ایمرجنسی آپریشن سنیٹر کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر بھی شریک ہوئے تھے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ایسی پولیو ٹیم کا انکشاف بھی ہوا تھا جو پولیو ویکسین ضائع کر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی جعلی بھرتیاں کرتی رہی، ٹیم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس بدترین حرکت میں ملوث 14 افراد اور ان کے  سپروائزر کو فوری طور پر ٹیم سے بے دخل کردیا گیا تھا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں