فخر زمان ان فٹ، پروٹیز کے خلاف سیریز میں شرکت مشکوک

فخر زمان فٹ، ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی گھٹنے کی انجری کے باعث پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی۔فخر زمان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے میڈیکل پینل نے فٹنس کی مکمل بحالی کے لئے 4 سے 6 ہفتوں کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے باعث فخر زمان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔

یاد رہے فخر زمان نے انجرڈ امام الحق کا خلا پُر کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور دونوں اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

بعد ازاں کیویز کے خلاف سیریز میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے میچز کھیلے لیکن ٹیسٹ سیریز میں انہیں ٹیم سے فٹنس کے مسائل کے باعث ڈراپ کر دیا گیا۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سب سے پہلے ٹیسٹ، بعد ازاں ون ڈے اور پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقہ اور مہمان ٹیم کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے (26 دسمبر) سے سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری 2019 سے نیولینڈ پارک کیپ ٹاون میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 11 جنوری سے جوہانسبرگ کے وانڈررز میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری کو سینٹ جارج پارک پورٹ ایلزبتھ، دوسرا میچ ڈربن کے کنگسمیڈ میں 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری کو سپر اسپورٹس پارک سنچورین، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ کے وانڈررز جبکہ پانچواں میچ 30 جنوری کو نیولینڈز کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا۔

آخر میں دونوں ممالک کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاون، دوسرا میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں