علیمہ خان کیس، جائیداد کی تفصیلات سیل بند لفافے میں عدالت کو پیش

علیمہ خان

لاہور:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد اور کرایہ نامہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ سیل بند لفافے میں جمع کرا دی ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جائیداد کے حوالے سے کی جانے والی کارروائی کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ علیمہ خان کو طلبی کے لیے کب نوٹس بھیجا گیا تھا اور ایف بی آر نے اب تک کیا کارروائی کی ہے۔

ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو نے دبئی کی جائیداد اور کرایہ نامہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ سیل بند لفافے میں عدالت کوپیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایف بی آر کے علم میں آنے پر آٹھ فروری کو علیمہ خان کو نوٹس بھیجا گیا تھا تاہم بیرون ملک ہونے کے باعث انہیں نوٹس موصول نہیں ہوئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ علیمہ خان نے بینک سے قرض لے کرفلیٹ خریدا تھا اور اس کا کرایہ قسط کے طور پر بینک کو ادا کیا گیا اور پھر فلیٹ کو فروخت کر دیا گیا لیکن اب معاملہ کیا ہے۔

کشمنر ان لینڈ ریونیو نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی کو بھی بیرون ملک خریدی گئی جائیداد ظاہر کرنا لازم ہے جب کہ ایف بی آر کو ان کے نفع اورنقصان سے کوئی غرض نہیں ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں