مرغی اور انڈوں کی بات کر کے ملک کا مذاق اڑایا گیا، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


سکھر: پیپلزپارٹی کے مزکری رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاستدان ملک کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن یہاں مرغی اور انڈوں کی بات کر کے پاکستان کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

سکھر میں پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان ملک کو ایٹمی طاقت بناتے ہیں اور وفاق کو مضوط کرنے کے لیے بل پاس کرتے ہیں لیکن ایک سیاستدان انڈے اور مرغی کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ساتھ مل کر چلنے کی بات کی ہے۔ ساتھ مل کر چلیں پھر دیکھیں کہ پاکستان کیسے ترقی کرتا ہے کیونکہ مسائل پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی حل ہوتے ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضے میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ پاکستان میں کرپشن کی بنیاد کس نے ڈالی اور ملک کو تباہ کیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جیل بھجوا دوں گا اور لٹکا دوں گا کہنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ہیں اور طاقت کے مظاہرے سے کبھی معیشت ٹھیک نہیں ہوئی ہے لیکن ہمارے وزیر اعظم تو اب تک کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر اراضی پر قبضے سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کیے جا رہے ہیں اور اقلیتی برادری کی اراضی سے متعلق مجھ پر جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے جب کہ کوئی شخص ثابت نہیں کر سکتا کہ میں نے ایک انچ بھی زمین پر قبضہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں