این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ سینٹر میں کامیاب مفت اوپن ہارٹ سرجری


کراچی: این آئی سی وی ڈی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ لاڑکانہ میں پہلی مرتبہ مفت اوپن ہارٹ سرجری کردی گئی۔

ہم نیوز نے نیشنل انٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزز(این آئی سی وی ڈی) کراچی کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ مفت اوپن ہارٹ سرجری پروفیسر فضل ربی کے ساتھ ڈاکٹرعلی رضا اور پروفیسر امین خواجہ نے کی جو کامیاب رہی ہے۔

ڈاکٹروں کی ٹیم نے کامیاب آپریشن کے بعد این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ سینٹر میں تمام تفصیلات ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائیں۔

این آئی سی وی ڈی کے سربراہ پروفیسر ندیم قمر کے مطابق این آئی سی وی ڈی سکھر اب تک 120 کامیاب اوپن ہارٹ سرجریز کرچکا ہے۔
لاڑکانہ این آئی سی وی ڈی میں پہلی مرتبہ مفت اوپن ہارٹ سرجری کی گئی ہے جو کامیاب رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پروفیسر فضل ربی کا ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہنا تھا کہ لاڑکانہ این آئی وی سی ڈی حکومت سندھ کے تعاون سے بالکل مفت خدمات فراہم کررہا ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں دل کا بائی پاس آپریشن کرنے کی سہولت میسر نہ ہونے کے باعث پہلے سالانہ سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی تھیں۔

پروفیسر فضل ربی نے تسلیم کیا کہ علاج مہنگا ہونے اور ہر جگہ سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث عوام کو سخت مشکلات درپیش تھیں۔

پروفیسر امین خواجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں متعدد این آئی سی وی ڈی سیٹلائیٹ سینٹرز عوام کو بلکل مفت اور بین الاقوامی معیار کا علاج مہیا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ اور سکھر این آئی سی وی ڈی سینٹرز میں مختصرمدت کے دوران 120 کامیاب اوپن ہارٹ سرجریز کی ہیں او اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کسی ایک آپریشن میں بھی ناکامی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی کی موت واقع ہوئی۔

پروفیسر امین خواجہ نے دعویٰ کیا کہ این آئی سی وی ڈی کے لاڑکانہ اور سکھر میں قائم سینٹرز میں بلوچستان اور پنجاب سے بھی مریضوں کی بڑی تعداد علاج معالجہ کے لیے آرہی ہے جہاں بلا تخصیص انہیں بہترین علاج مہیا کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں