روپے کی بے قدری پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، وزیراعظم

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہغیر ملکی سرمایہ کاری سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں، ایگزون موبائل کمپنی نے ملک میں 27 سال کے بعد دوبارہ سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، روپے کی بے قدری پر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

لاہور میں چیمبر آف کامرس کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں اتنی زیادہ دلچسپی رکھتے ہوں گے، اس کی تین بنیادی وجوہات ہو سکتی ہیں جس میں ملک کی زبردست جغرافیائی پوزیشن، 12 کروڑ آبادی کی عمریں 35 سال سے کم ہونا اور ہماری انسداد بدعنوانی مہم شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سوزوکی نے 45 کروڑ، کوک نے 50 کروڑ، پیپسی 80 کروڑ جبکہ فینٹم نے 90 کروڑ کی سرمایہ کاری ملک میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ ملائیشیا کے بھی بہت سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جس میں حلال میٹ مارکیٹ بھی شامل ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی بہت ضرورت ہے اور اس حوالے سے ہم ایکسپوٹرز اور ایکسپوٹ انڈسٹری کی پوری طرح مدد کر رہے ہیں تا کہ وہ مقابلہ کریں اور ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے، اگر سرمایہ کار کے لیے رکاوٹیں پیدا کر دی جائیئں گی تو کوئی بھی ملک میں سرمایہ کرنے نہیں آئے گا۔

منی لانڈرنگ کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں 10 ارب ڈلز کی سالانہ منی لانڈرنگ کی جاتی ہے جس کے نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، حکومت کی جانب سے اس مسئلے کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں بزنس کر کے پیسہ کمانے والوں کو اچھا نہیں سمجھا جاتا اور یہ مسئلہ ملک میں 1970 سے چلا آ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں