جی 20 سربراہی اجلاس،عالمی رہنما ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات پر متفق


ارجنٹائن: جی 20 سربراہ اجلاس میں عالمی رہنما عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں اصلاحات پر متفق ہو گئے ہیں جب کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق پیرس معاہدے پر امریکہ کے علاوہ باقی 19 رکن ممالک نے اتفاق کیا۔

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں منعقدہ جی 20 اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات، تارکین وطن کے مسائل سمیت دیگر معاملات زیر غور رہے۔

اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ میں جی 20 رہنماؤں نے عالمی تجارتی نظام میں موجود نقائص کا اعتراف کیا اور ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات پر اتفاق کیا۔ جی 20 کے تمام رکن ممالک نے آزاد تجارت کی حمایت کی جب کہ اجلاس میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کا سرسری ذکر کیا گیا۔

اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ جس میں امریکی صدر نے تین مہینے کے لیے چین کی 200 ارب ڈالر کی اشیاء پر اضافی 15 فیصد محصول نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔

چین کے صدر کا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات کے اگلے مرحلے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، چین اور امریکہ پر دنیا کے امن اور خوشحالی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جی 20 کا آئندہ سال کا اجلاس جاپان جب کہ 2020 میں سعودی عرب میں ہو گا۔

روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرفتار ملاحوں سے متعلق یوکرائن کے ساتھ بات نہیں ہوئی ہے جب کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہماری کوئی شرط نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں