چین، امریکہ یکم جنوری سےنئے ٹیرف عائد نہ کرنے پر متفق

چین، امریکہ یکم جنوری سےنئے ٹیرف عائد نہ کرنے پر متفق | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو


بیجنگ: امریکہ یکم جنوری 2019 سے چینی برآمدات پر اضافی محصولات نہیں لگائے گا۔ چینی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان مذاکرات  بھی جاری رہیں گے۔

چینی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ جی 20 اجلاس میں امریکی اور چینی صدور کی ملاقات اچھی رہی اور اہم معاملات پر اتفاق رائے بھی سامنے آیا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ باہمی تعاون چین اور امریکہ کے لیے مفید ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی دلچسپی کے امور پر ٹرمپ کے ساتھ تبادلہ خیال کرنا چاہتا ہوں، چین اور امریکہ پر دنیا کے امن اور خوشحالی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے تعلقات کے اگلے مرحلے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

چین امریکہ تجارتی جنگ

سال 2018  میں چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی محاذ پر اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی تھی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تجارتی پالیسی کو’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ چین سے درآمد کردہ اشیا پر ٹیکس لگانا چاہتا ہے تاکہ مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔ 

اپریل 2018 میں امریکہ نے چینی مصنوعات پر 50 ارب ڈالر کی محصولات عائد کی تھی، جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر 50 ارب ڈالر کی محصولات عائد کی تھیں۔

جولائی میں امریکہ نے 34 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر ٹیرف میں تبدیل لاتے ہوئے 25 فیصداضافی ڈیوٹی عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری 2019 سے چین کی 200 ارب ڈالر کی درآمدات پر ٹیرف 10 سے بڑھا کر 25 فی صد کرنے کی دھمکی دی تھی۔


متعلقہ خبریں