کراچی میں بھتہ خور سرگرم،ہوٹل پر فائرنگ


کراچی: شہر کے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خورایک مرتبہ پھر سر اٹھانے لگے۔

کھارادر پاریہ اسٹریٹ کے ریسٹورنٹ پر ملزموں نے فائرنگ ایک شخص کو زخمی کردیا اور دس لاکھ روپے بھتے کی پرچی  پھینک کر فرار ہو گئے جبکہ ملیر اور میوہ شاہ روڈ سےنومولود سمیت دو افراد کی لاشیں ملیں ہیں۔

فورسز کی کارروائیوں میں  دہشت گرد سمیت 20 ملزمان کو گرفتارکرلیا جبکہ فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزموں نے جو پرچی پھینکی اس پر دس لاکھ روپے رقم  کے ساتھ بیرون ملک کا نمبر درج ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ  واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، کسی ذاتی رنجش کو بھتے کا رنگ دیئے جانے کا امکان خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے۔

ذرائع نے بتایا کہ فیزٹو  اور ملیر میمن گوٹھ میں بھی فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے، لیاری میوہ شاہ روڈ سے نومولود کی اور ملیر ایچ ایریا میں گھر سےنوجوان کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔

دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لانڈھی مانسہرہ کالونی سے کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ رکن رحمت اللہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ رینجرز کے ہاتھوں اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث  چھ ملزم گرفتار کیے گئے ہیں۔

پولیس نے بھی شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، سائٹ اور  اولڈ سٹی ایریا سے کارروائیوں میں  مختلف جرائم میں ملوث 19 ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں