سابق کرکٹر محمد آصف اہلخانہ سمیت ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی

فوٹو: فائل


لاہور: سابق کرکٹر محمد آصف اہلیہ اور دو بچیوں سمیت ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں گزشتہ شب تیز رفتاری اور ٹرک کو اوور ٹیک کرتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈیفنس میں واقع نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں اُنہیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ وہ ٹرک کو اوور ٹیک کر رہے تھے کہ سامنے سے ایک تیز رفتار کار آگئی جس سے بچتے ہوئے انہوں نے اپنی کار فٹ پاتھ پر چڑھا دی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق محمد آصف سمیت تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور علاج معالجے کے لیے اُنہیں بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں جب کہ محمد آصف اور ان کی بیٹی کا سٹی اسکین بھی کیا گیا ہے۔

سابق کرکٹر محمد آصف اور ان کے بچوں کے سر پر شدید زخم آئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے تمام زخمیوں کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں