کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کار بم دھماکہ، جانی نقصان نہیں ہوا


کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مجاہد میں کھڑی گاڑی میں دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ٖڈیفنس خیابان مجاہد کے خالی پلاٹ پر کھڑی گاڑی رات گئے دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہو گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی آی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو نے کہا ہے کہ گاڑی میں دھماکہ دیسی ساختہ تھا جو وی بی آئی ای ڈی سے کیا گیا تھا تاہم خوش قسمتی سے بم مکمل طور پر نہیں پھٹ سکا جب کہ دھماکہ خیز مواد کو کار میں موجود گھریلو سلنڈر سے بھری گیس سے جوڑا گیا تھا۔

جاوید اوڈھو نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں چھ میٹر لمبی ڈیٹونیٹنگ کورڈ استعمال کی گئی تھی جب کہ دھماکے میں آٹھ سے دس کلو گرام بارود استعمال کیا گیا تھا اور دھماکے کی کوشش کا مقصد شہر میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی اتوار کی شام چھ بجے چھینی گئی تھی۔ جس کی شکایت حنا نامی خاتون نے درج کرائی تھی جب کہ یہ گاڑی ثنا اللہ نامی شہری کے نام پر ہے اور یہ گاڑی اس سے قبل 2007 میں بھی بوٹ بیسن سے چوری ہوی تھی اور پانچ روز بعد میٹروول سے ملی تھی۔


متعلقہ خبریں