اثاثہ جات کی تفصیلات،ن لیگ سب سے زیادہ اثاثوں کی مالک


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گیئں۔

تفصیلات میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ  پاکستان مسلم لیگ (ن) 22 کروڑ 21 لاکھ 16 ہزار 406 روپے مالیت کے ساتھ سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والی جماعت ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)  16 کروڑ 52 لاکھ 84 ہزار 423 روپے مالیت کے اثاثوں کے ساتھ قابل ذکر ہے۔

اسی طرح  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گیارہ کروڑ 64 لاکھ 24 ہزار 836 روپے کی مالک قرار پائی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ق پانچ  کروڑ 81 لاکھ 480 روپے کی مالک ہے اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی عوامی مسلم لیگ کے پاس دو لاکھ 88 ہزار 268 روپے کے اثاثے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق جماعت اسلامی گیارہ کروڑ چھ لاکھ 53 ہزار 978 روپے، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) چار کروڑ 17 لاکھ 26 ہزار 350 روپے اورجمعیت علمائے اسلام (ف) کے اثاثوں کی مالیت دو کروڑ 82 لاکھ 73 ہزار 592 روپے مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

اسی طرح  پاک سرزمین پارٹی 35 لاکھ 65 ہزار 818 روپے، پاکستان عوامی تحریک 19 لاکھ 10 ہزار 434 روپے اورتحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)30 ہزار 250 روپے مالیت کے اثاثے رکھتی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل الیکشن کمیشن  نے نگراں سیٹ اپ سے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا، نگراں وزیراعظم، چاروں صوبوں کے نگراں وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وصوبائی وزرا تقرری کے تین دن کے اندر اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند تھے۔


متعلقہ خبریں