قبل از وقت انتخابات کی بات غیرذمہ دارانہ ہے،مصطفیٰ کھوکھر


اسلام آباد: تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جو وزرا اپنا دفاع خود بھی نہیں کر سکتے ان کا دفاع وزیراعظم عمران خان آج صحافیوں سے کی گئی اپنی گفتگو میں کر رہے تھے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہزیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم کہتے ہیں کہ روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے انہیں آگاہ نہیں کیا جبکہ  وزیرخزانہ اسد عمر نے بتایا تھا کہ دو افراد اس بات سے آگاہ تھے کہ روپے کی قدر میں کمی ہونے والی ہے۔

عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کی بات کرنا غیرذمہ دارانہ بیان ہے،مصطفیٰ نواز کھوکھر

دوسری جانب پروگرام میں موجود مہمان رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومتی جماعت کے قول و فعل میں تضاد ہے اور یہ دہرا معیار سب کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پر کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے کے بعد ہر حکومتی اجلاس میں ان کی موجودگی کسی طرح قانونی نہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے جبکہ شہبازشریف پر ابھی تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کی بات کرنا ایک غیرذمہ دارانہ بیان ہے۔

امریکہ جانتا ہے افغانستان میں پاکستان۔کے بغیر امن لانا ممکن نہیں، معید یوسف

تجزیہ کار معید یوسف کا پروگرام میں گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ اگرایسا ہے کہ اگر پاکستان کا افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات پر اثرورسوخ کم ہو چکا ہے تو پھر امریکہ نے پاکستان سے تعاون کی درخواست آخر کیوں کی؟

انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں اس وقت جو برف پگھلی ہے وہ صرف لیے ہے کہ کیونکہ اس بار امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جانتا ہے کہ پاکستان کے کردار کے بغیر افغانستان میں امن لانا ناممکن ہے۔

اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کا شور مچانا صرف سیاست ہے، فہمیدہ مرزا

وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کا شور مچانا صرف سیاست ہے۔ پی ٹی آئی نے صرف 18ویں ترمیم میں اصلاحات کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک قائمہ کمیٹیاں نہیں بن جاتیں  تب تک ملکی حالات میں بہتری لانا ممکن ہی نہیں۔

اس وقت درست سمت میں فیصلوں کا ہونا لازمی ہے،ہارون شریف

پروگرام میں موجود ایک اور مہمان چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت فیصلوں میں جلدبازی کی نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کی پاکستانی مارکیٹ پر بے یقینی کو ختم کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے درست وقت پر درست سمت میں فیصلوں کا ہونا لازمی ہے۔


متعلقہ خبریں