قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، عثمان بزدار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم کمزور کے ساتھ اور مافیا کے خلاف ہیں۔ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے غیر رسمی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے جب کہ تعمیری تنقید سے رہنمائی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سے 88 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو واگزار کرایا جا چکا ہے۔ جس کی مالیت 150 ارب روپے سے 200 ارب روپے تک بنتی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں صرف چند شہروں پر توجہ دی گئی جب کہ ہم نے پنجاب میں ترقیاتی وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی جانب موڑ دیا ہے اور ہم یکساں ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اصلاحاتی ایجنڈے پر صدق دل سے عملدرآمد کرکے پنجاب کی حالت بدلیں گے جب کہ حکومت صوبے کی ہمہ جہت ترقی اور عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

پنجاب میں تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبے میں تبدیلی کے اثرات بہت جلد نمایاں نظر آئیں گے جب کہ عوامی نمائندے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے اور اس ضمن میں میڈیا کی جانب سے مثبت تنقید اور تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں