کراچی میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

بچوں کی موت فوڈ پوائزننگ کے باعث ہوئی، رپورٹ

فوٹو: فائل


کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی میں غیر معیاری کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی میڈیکل رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے جس کے مطابق کھانے میں زہر کے شواہد نہیں ملے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق کھانے کے سیمپل میں خوراک کے غیر میعاری ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بچوں کو غیر معیاری کھانا کھانے سے فوڈ پوائزننگ ہوئی، فوڈ پوائزننگ سے بچوں  کو الٹیاں ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کی موت بھی فوڈ پوائزنگ کے باعث ہوئی ہے۔

واضح رہے کراچی پولیس نے ایری زونا گرل ہوٹل کے کھانوں سمیت 60 مختلف سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھیجے تھے۔

چند روز قبل کراچی میں واقع نجی ریسٹورنٹ ایریزونا گرل سے کھانا کھانے کے بعد دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ان کی والدہ شدید علیل رہیں تھیں۔

دونوں بچے اپنی ماں کے ہمراہ نجی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے جس کے بعد وہ متاثرہ خاندان ڈنفینس کے ایک پارک بھی گیا تھا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت سے دس روزمیں رپورٹ طلب کی تھی۔

ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق رپورٹ مقدمے کے تفتیشی افسر کو فراہم کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ریسٹورینٹ ایری زوناگرل، اس کے گودام اور بچیوں کے گھر کے نمونے دو علیحدہ لیبز میں بھیجے گئے تھے، رپورٹ کے تناظر میں پولیس اپنی تحقیقات کو آگے بڑھائے گی۔


متعلقہ خبریں