فرانس کے جزیرے کیلیڈونیا میں شدید زلزلہ، سونامی کا خطرہ

سونامی کا خطرہ، لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے احکامات جاری

فوٹو: الجزیرہ


فرانس کے جزیرے نیو کیلیڈونیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، غیرملکی میڈیا کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے جزیرے کے مشرقی ساحل پہ محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی  دس کلومیٹر تھی جب کہ ریکٹر اسکیل پر شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز جزیرہ لائیلٹی سے 155 کلو میٹر جنوب مشرق میں تھا۔ جزیرہ لائیلٹی نیو کیلیڈونیا کا ایک حصہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پیسیفیک سونامی وارننگ سنٹر (پی ٹی ڈبلیو سی)نے زلزلے کے بعد جزیرے پر سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے، زلزلے کے بعد ابتدائی طور پر ماہرین نے مرکز کے 1000 کلو میٹر کا علاقہ سونامی کی لپیٹ میں آنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

پی ٹی ڈبلیو سی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ زلزلے کے بعد تین میٹر اونچی سمندری لہریں جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر زلزلے کا مرکز سطح کے قریب ہو تو زیادہ تباہی کا خطرہ ہوتا ہے۔

نیو کیلیڈونیا کے ہائی کمیشن نے سونامی کے خطرے کے پیش نظر عوام کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

نیو کیلیڈونیا کے سول پروٹیکشن اینڈ رسک مینجمنٹ کے ادارے کے مطابق اگر عوام فوری طور پر انخلا کے لیے تیار نہیں ہیں تو کم از کم ساحل سے 300 میٹر دور چلے جائیں یا 12 میٹر بلندی پر پہنچ جائیں۔

ادارے کے مطابق جزیرے کے مغربی ساحل کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ساحلی پٹی پر موجود تمام لوگ زلزلے کے باعث سمندر کی غیرمعمولی حرکات کے حوالے سے بھی تیار رہیں۔

واضح رہے فرانس کے زیرانتظام کیلیڈونیا نامی یہ جزیرہ آسٹریلیا سے تقریباً 1,200 کلو میٹر دور ہے۔


متعلقہ خبریں