وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔ جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی جب کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے اور اصلاحات کا پیکج بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل سیکٹرز میں شامل پانچ صنعتوں کو زیرو ریٹ پر گیس اور آر ایل این جی کی فراہمی پر بھی غور کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق امور نمٹانے کے لیے کمیٹی کی توثیق کی جائے گی جب کہ اقتصادی امور اور فیڈرل لینڈ کمیشن کے امور متعلقہ وزارتوں کو واپس کرنے کی بھی سمری ایجنڈے کا حصہ ہے۔

کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی جب کہ مختلف اداروں میں سرکاری افسران کی تعیناتی، ڈیپوٹیشن کی مدت میں توسیع اور بعض ممالک کے ساتھ تعاون کے ایم او یوز کی بھی منظوری دی جائے گی۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گی جب کہ کابینہ کی دستاویزات کو خفیہ رکھنے سے متعلق سمری پر بھی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں بعض ممنوعہ گاڑیوں اور ان کے پرزوں کی کراچی سے کابل بھجوانے کی بھی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں