چیف جسٹس نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، عمران خان

پاکستان کی بقا کے لیے آبادی کو کنڑول کرنا ہوگا، چیف جسٹس

  • سپریم کورٹ میں آبادی سے متعلق سیمینار، وزیر اعظم اور چیف جسٹس شریک


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پانی اور بڑھتی آبادی جیسے مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے سپریم کورٹ میں ’’ بڑھتی ہوئی آبادی پر فوری توجہ ‘‘ کے عنوان سے منعقد سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے جہاں قانون کی بالادستی ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی لازم و ملزوم ہے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کے لیے سب سے بہترین دور کا آغاز ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتیں صرف پانچ برس کی منصوبہ بندی کرتی رہیں۔ آج سے قبل کبھی کسی نے نہیں سوچا کے وزیراعظم بھی قانون کے تابع ہے۔

پاکستان کی بقا کے لیے آبادی کو کنڑول کرنا ہوگا، چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ تعمیرات کے باعث درختوں میں کمی ہوئی۔ وسائل  60 سال سے آبادی کے مسئلے پر توجہ نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں آبادی میں اضافے کے باعث پانی کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ 2025 میں پانی کی قلت شدت اختیار کر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل کم ہوتے چلے جارہے ہیں اور اگر یہ ہی صورتحال رہی تو مستقبل میں مزید وسائل کی کمی کا سامنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 40 برس سے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی بقا کے لیے آبادی کو کنڑول کرنا ہوگا جس میں سب کو ساتھ دینا ہوگا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ’’ بڑھتی ہوئی آبادی پر فوری توجہ ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں وزیر اعظم عمران خان، مولانا طارق جمعیل سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات بھی شریک ہوئے۔

سیمینار میں شرکت سے قبل وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے درمیان چیف جسٹس کے چیمبر میں ملاقات بھی ہوئی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد امریکی ماہر بہبود آبادی ڈاکٹر جان بونگاٹز نے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔


متعلقہ خبریں