ایم کیو ایم کا تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ، وسیم اختر کیخلاف بیانات پر احتجاج

عدالتی احکامات کو پورا کرنا میئر کراچی کی ذمہ داری ہے، تنقید بے جا ہے، ایم کیو ایم کا مؤقف

بلاول بھٹو کی پیشکش: ایم کیو ایم ساتھ دینے کے لیے شرائط عائد کرے گی؟

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے متنازع بیانات پر ناراضی کا اظہار کیا گیا۔

ایم کیو ایم نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کو پورا کرنا میئر کراچی کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے ان پر کی جانے والی  تنقید بے جا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدرخرم شیر زمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر میں نے نامناسب بات کی ہے تو قیادت میرے خلاف ایکشن لے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کراچی کا صدر ہونے کے ناطے مجھے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے طریقہ کار پر اعتراض ہے جس کا میں نے اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل خرم شیر زمان نے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں کچھ اور کیا جارہا ہے، وہ جلد اس سنگین معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور اس پر اُنہوں نے اپنی ٹیم  تیارکرلی  ہے۔

یاد رہے کہ  کے ایم سی نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران خرم شیر زمان کے ریسٹورنٹ پر بھی کارروائی کی تھی۔

اس علاوہ  آپریشن میں الیکٹرونک مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک، لکی اسٹار اور زیب النساء اسٹریٹ، گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ پر قائم تین ہزار سے زائد دکانوں پرلگے شیڈز اورسائن بورڈز ہٹا دئیے گئے ہیں۔ صدرمیں قائم سیکڑوں غیر قانونی دکانوں کو بھی گرایا جا چکا ہیں۔


متعلقہ خبریں