سندھ میں موٹرسائیکل میں ٹریکر کی تنصیب لازمی ہوگی

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے سمری منظوری کے لیے وزیراعلی کو ارسال کردی


کراچی: سندھ حکومت نےموٹروہیکل آرڈیننس تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے بعد صوبے میں موٹر سائیکلوں میں ٹریکر کی تنصیب لازمی ہوگی۔

اس بارے میں صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر کا کہنا ہے کہ موٹروہیکل آرڈیننس تبدیل ہونے کے بعد موٹرسائیکلوں میں ٹریکرلگانا لازمی قراردیا جائے گا جبکہ  ٹریکر نصب نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ کے مطابق سندھ حکومت صوبے  بھر میں نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکرکی تنصیب لازمی قرار دینے  کے اقدامات کرے گی جبکہ آرڈیننس میں ترمیم کا قانون اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کی منطوری کے بعد  کمپننیوں اور شورومز مالکان کو ٹریکرز لگانے کا پابند کیا جائے گا جبکہ ہدایات کی پیروی  نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز صرف ٹریکر والی موٹر سائیکلیں  ہی رجسٹرڈ کرے گا۔

وزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس فیصلے کا مقصد موٹر سائیکل چوری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر کارروائیوں کی روک تھام ہے۔

فیصلے کی سمری منظوری کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ  نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ارسال کردی ہے۔


متعلقہ خبریں