مریم اورنگزیب جھوٹی، پرویز رشید عظیم ہیں: عطاالحق قاسمی


اسلام آباد: ممتاز کالم نگار اورسابق چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کو جھوٹی اور سینیٹر پرویز رشید کو عظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سارا ملبہ خود پر لے لیا اورنواز شریف کو بچالیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ایم ایل (ن) کی مرکزی ترجمان نے میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا اور جب میرے خلاف کچھ نہیں ملا تو پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا۔

عطاالحق قاسمی نے اپنے بیان میں مؤقف اختیارکیا کہ کچھ پردہ نشیں اوربھی ہیں جنہوں نے مجھ پر گند اچھالا۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفے سے قبل نوازشریف کو لکھا کہ ٹولے نے رکاوٹ ڈالی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ لوگ نواز شریف کو پھنسانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن میرے پاس انتظامی اختیارات نہیں تھے۔

ممتاز کالم نگار کا کہنا ہے کہ پروگرام کے پرومو تک کا خرچہ میرے کھاتے میں ڈالا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ استعفے میں بتایا تھا کہ ان لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہورہا ہوں۔

سابق چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کا مؤقف ہے کہ فیصلے پر اپیل مسترد ہوئی تو جیل چلا جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ 78 برس کے بوڑھے کو جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرنے کے بعد بھی میری کتابیں گواہی دیں گی کہ میں کیا تھا؟

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے عطاالحق قاسمی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ میرے بزرگ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں جتنی عزت پہلے کرتی تھی، آج بھی اتنی ہی کرتی ہوں۔

سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں ثقافت کے فروغ کے لیے اُن کی بہت خدمات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عطااللہ قاسمی صاحب نے جو کہا ہے وہ ٹھیک کہا ہو گا۔

نواز شریف حکومت میں 23 دسمبر 2015 کو عطاالحق قاسمی کو چیئرمین پی ٹی وی تعینات کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے  سابق ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن عطاالحق قاسمی کی تقرری کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

عدالتی فیصلہ 48 صفحات پر مشتمل تھا جسے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے تحریر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں