ٹرمپ نیا ’نیو ورلڈ آرڈر‘ تشکیل د ے رہے ہیں، مائک پومپیو کا انکشاف

افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا کب اور کیسے ہوگا؟ مائیک پومپیو نے بتادیا

فائل فوٹو۔–


برسلز: امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے خبردار کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین ممالک کو لگام دینے کے لیے نیا ’نیو ورلڈ آرڈر‘ تشکیل دے رہے ہیں۔

سعودی عرب کے شہر جدہ سے شائع ہونے والے اخبار ’اردو نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق امر یکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے برسلز میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ روس، چین اور ایران کو لگام دینے کے لئے ایک اور ورلڈ آرڈر تشکیل دے رہے ہیں۔

امریکی خفیہ ایجنسی ’سی آئی اے ‘ کے سابق سربراہ اور موجودہ سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے تشکیل دیے جانے والے نیو ورلڈ آرڈر کے خدو خال واضح کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دیے جانے والے ’ورلڈ آرڈر‘ میں جمہوریت اور امن کے لئے مہذب اقوام کا اتحاد قائم کیا جائے گا۔

امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے بعد ’ورلڈ آرڈر‘ کے نام پر سابق سوویت یونین کے ساتھ ’سرد جنگ‘ شروع کی تھی۔ میخائل گورباچوف کی قیادت میں جب سوویت یونین ٹوٹ گیا تو بش سینئر کی قیادت میں ایک اور ورلڈ آرڈر تخلیق کیا گیا۔

نئے ورلڈ آرڈر کی تخلیق کے بعد مشرق وسطیٰ کے حالات خراب ہونا شروع  ہوئے تھے۔

نائن الیون کے بعد دنیا کو بش جونیئر نے ایک اور نیو ورلڈ آرڈر سے متعارف کرایا۔ اس کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی جنگ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اردو نیوز جدہ کے مطابق اب متعارف ہونے والا ’نیو ورلڈ آرڈر‘ کیا رنگ دکھلائے گا؟ یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو ہی وہ شخصیت ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں کے بعد امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان تاریخی ملاقات کی راہ ہموار کی۔

عالمی سیاسی مبصرین مائک پومپیوکو  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کا ’آرکیٹیکٹ‘ قرار دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں