پاکستان سے ٹی بی کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہیں،عامر کیانی


اسلام آباد: وفاقی وزیرصحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ پاکستان 2030 تک ٹی بی جیسی بیماری کے مکمل خاتمے کا کے لیے پر عزم ہے اور اس کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے گلوبل ٹی بی کنٹرول پروگرام وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت پاکستان ٹی بی کی روک تھام کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

وفد کی سربراہی ڈائریکٹر گلوبل ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹرٹریزا کے سیوا کی نے کی۔

وزیر صحت نے کہا کہ  اس وقت پاکستان کو ٹی بی سے درپیش چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 1350 مراکز اور چار ہزار ڈاکٹر ٹی بی کی مفت تشخیص اور علاج کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ  پاکستان ٹی بی کے خلاف  بین الاقوامی جدوجہد میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے۔ جس کے تحت آئندہ برس تک ہیلتھ کارڈ سے تقریباً اڑھائی کروڑ افراد مفت علاج سے مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہر برس پاکستان پانچ لاکھ افراد ٹی بی کا شکار ہوتے ہیں۔

اس موقع پر گلوبل ٹی بی کنٹرول پروگرام  وفد کی سربراہ  ڈاکٹر ٹریزا نے کہا کے دنیا بھر میں ٹی بی کے مرض سے ہرسال 16 لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں