پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز، جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ نے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلیسی کریں گے جبکہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سینچورین میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کے 13 رکنی اسکواڈ میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، تھیونس ڈی بروین،کوئنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، زبیر حمزہ، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈوآن اولیویئر، ورنن فلینڈر، کیگاسو ربادا اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ سے سیریزکے بعد اگلی منزل جنوبی افریقہ کے میدان ہیں، جہاں پاکستان ٹیم کو تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

واضح رہے پاکستان کے دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز 19 دسمبر 2018 سے ساؤتھ افریقہ انویٹیشن الیون کے خلاف تین روزہ میچ سے ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کیپ ٹاؤن کرے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 19 جنوری کو پورٹ الزبتھ سے ہو گا، دوسرا ایک روزہ میچ 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور سیریز کا آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا تین فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں