وزیراعظم کا اقتصادی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خزانہ اسد عمرسمیت معاشی ٹیم کا کوئی رکن تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کابینہ کے اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیراعظم وفاقی وزرا سے فرداً فرداً ملاقات کریں گے، البتہ معاشی ٹیم کی تبدیلیوں کی اطلاعات مخالفین کی سازش ہے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور زرمبادلہ میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، معاشی اعشاریے مثبت ہیں، یقین ہے کہ ورثے میں ملنے والی اقتصادی دشواریاں ہماری ٹیم ہی دور کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم کا فیصلہ ہے کہ نہ تو وزیر خزانہ تبدیل ہوں گے، نہ ہی معاشی ٹیم کا کوئی رکن ہٹایا جائے گا۔

وفاقی وزیر اعظم سواتی کے استعفے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے 15 روز قبل ہی اپنی وزارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی، کیوں کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد تحقیقات وسیع ہونے کا امکان تھا، جس کے باعث اعظم سواتی کو وزارت سنبھالنے میں مشکل کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی نے آج وزیراعظم کو استعفی پیش کر دیا ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے، فیصلہ آنے تک اعظم سواتی وزارت سے الگ رہیں گے، فیصلہ حق میں آیا تو اعظم سواتی دوبارہ وفاقی وزیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں