ملک کے بیشتر علاقے سردی اور خشکی کی لپیٹ میں

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

موسم پر اتارچڑھاؤ رکھنے والے ادارے نے آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان، ، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا، شہر میں آج صبح ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت چھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

بلوچستان میں بھی موسم شدید سردی اور خشکی کی لپیٹ میں ہے، آج صبح کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 جب کہ قلات میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، آج صبح اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں پارہ منفی 10 تک گر گیا، سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقے ٹھنڈ اور خشکی کی لپیٹ میں رہیں گے، آج صبح پشاور میں کم سے کم ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ، چترال میں 1 اور دیر میں 0 ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب اور سندھ میں بھی جمعے کے روز شدید ٹھنڈ اور خشکی کا راج رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں