سعد رفیق تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے تھے، فیاض الحسن چوہان


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنائے جانے کی شرط پر تحریک انصاف میں شامل ہونے کی بات کی تھی انہیں میڈیا کے سامنے آنے میں شرم آنی چاہیے۔

پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ملک کو لوٹ کر یہ لوگ حاجی بن کر سامنے آجاتے ہیں۔

سابق وزیر ریلوے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعد رفیق نے 2000 میں پیراگون سوسائٹی کی بنیاد رکھی، 2000 میں نواز شریف اور شہباز شریف پیشیاں بھگت رہے تھے، سعد رفیق اور ان کا بھائی آمر سے ڈیل کیے بغیر بزنس نہیں کر سکتے تھے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف جلا وطن ہوئے تو سعد رفیق حکومت کے ساتھ مل کر مزے لوٹ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی کرپشن کے انکشافات شروع ہو گئے ہیں۔ سعد رفیق کا اصل چہرہ جلد قوم کے سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 18 سال سے سن رہے ہیں کہ یہ لوگ آمریت سے ٹکراتے رہے، کیا سعد رفیق نے آمر دور میں بارگیننگ نہیں کی؟

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ لوہے کے چنوں اور میٹرو والی سرکار چاہتی ہے کہ انہیں  لوٹ مار کی ٖڈھیل دے دی جائے۔


متعلقہ خبریں