پنجاب میں شدید دھند، ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں



اسلام آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی دھند کا راج رہا، کئی علاقوں میں حد نگاہ انتہائی کم ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔

ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، پنڈی بھٹیاں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری ہے، مختلف اضلاع میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہی۔

دھند کی وجہ سے صبح کے اوقات میں کاروبار زندگی شدید متاثر رہا جب کہ ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ موٹروے لاہور سے پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ سے شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی جب کہ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر حد نگاہ 15 سے 20 میٹر رہی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو فوگ لائٹ استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی۔

اس وقت موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے کو تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اجمل شاہ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دھند کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہے گا جس کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور بارش کے بعد ایک بار پھر دھند شروع ہو جائے گی جو ماہ دسمبر اور جنوری میں جاری رہے گی۔ جس میں مزید شدت بھی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں ہفتہ کو بھی موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش جب کہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

اتوارکی رات سے منگل تک کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان اور پشاور ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جب کہ کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، سکھر، کراچی اور مکران ڈویژن کے چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ ڈویژن میں سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری اور گلیات میں بھی برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز جو علاقے سب سے زیادہ سرد رہے ان میں اسکردو منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ، استور، ہنزہ، کالام منفی چار، کوئٹہ، گلگت اور قلات میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں