وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے، عثمان بزدار

منفی سیاست، منفی سوچ رکھنے والوں کا وطیرہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدارنے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصا ف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے صوبہ پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسموگ کی شدت میں کمی لانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وہ وفاقی وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اسموگ کی شدت میں کمی لانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی ہے۔

وفاقی وزیرمملکت نے کہا کہ یہ ڈیرہ غازی خان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ ان کے علاقے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان کا اپنے علاقے کے عوام سے تعلق مزید مضبوط و گہرا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں وسائل صرف مخصوص علاقوں پر خرچ کیے گئے اور جنوبی پنجاب کے عوام کو طویل عرصے تک پسماندہ رکھا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے دور دراز کے علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کردی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی خوشحالی کے لیے دن رات کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی خوشحال ہوگا تو ملک میں ترقی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے میرے دروازے ہروقت کھلے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں بڑھتے ہوئے اضافے پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی سے انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں اسموگ کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت پنجاب کے بروقت اقدامات کی وجہ سے اسموگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعلیٰ صرف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے دل جیت رہے ہیں۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی معنوں میں ڈیرہ غازی خان کی تعیر و ترقی کے لیے بے مثال پیکج دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں