قبل از وقت انتخابات کی حمایت کریں گے، نثار کھوڑو

پیپلزپارٹی کا 17 اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں جلسہ منعقد کرنیکا اعلان

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پی پی پی قبل از وقت انتخابات کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات ہونے چاہئیں لیکن انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن اپنی ناقص کارکردگی پر قوم سے معافی مانگے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ  وفاق نے پانچ سو ارب کی ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کردی گئی ہے۔

پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو پی ٹی آئی کو لے کر آئے ہیں وہ گارنٹی دیں گے کہ اب انتخابات سے کھلواڑ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی خاموشی معنی خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں پر امیدیں لگائی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپنی ناکامی اور نااہلی چھپانے کے لیے قبل از وقت انتخابات کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا ہر آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ڈالرچار ماہ میں 140 پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈالر کی قدر بڑھا کر اسٹاک ایکسچینج کا بزنس کرنے والوں کو اربوں روپے کمانے کا موقع دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر پہلے چھ سو ارب روپے قرضے بڑھے تھے جواب مزید بڑھ کر 12 سو ارب روپے ہوگئے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے الزام لگایا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے میڈیا کو کنٹرول کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سینسرشپ قبول نہیں ہے۔

سندھ کے سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ شوگر ملز نے چینی مہنگی کرنے پر 182 روپے گنے کا ریٹ دینے کی بات کی ہے لیکن ہم چینی مہنگی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شگر ملز کو 20 روپے فی من ربیٹ دینے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ذہنی طور پر آمروں کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمر پرویز مشرف کے ریفرنڈم کے وہ بڑے حمایتی تھے۔ حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن میں آرڈی ننس کے اجراء کو غیر جمھوری قرار دے رہے تھے۔

پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم کو یہ پتہ نہیں ہے کہ آرڈی ننس کا اطلاق صرف چار ماہ تک ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرڈی ننس کے ذریعے قانون سازی غیرجمہوری عمل ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر کی جانب سے آرڈی ننس کی مدت بڑھانا ایڈھاک ازم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی آرڈی ننس کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاھئے۔

وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹیاں نہ بنا کر وفاقی حکومت بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ایشو میں اٹکا کر وفاق قوم کو بے وقوف بنا رھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی مالیاتی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم کرکے تین فیصد فاٹا کا دینا غیر آئینی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے 100 دن کے ایجنڈے میں قومی مالیاتی ایوارڈ کا ذکر ہی نہیں کیا۔

پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی یوٹرن کو دھوکہ سمجھتی ہے اور یوٹرن عوام سے دھوکے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کو عمران خان کا لاڈلا قرار دیتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ  شیخ رشید اپنی پگڑی سنبھالیں، دوسروں کی پگڑی پر تنقید نہ کریں اور صرف اپنی فکر کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری پارٹی قیادت نے جیلیں دیکھی ہیں اور سختیاں بھی برداشت کی ہیں۔

عوام کے مسائل کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر اور پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے مزدور کی بنیادی تنخواہ 16 ہزار کردی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ 27  دسمبر کو شھید بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی منائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو تین بجے گڑھی خدابخش بھٹو میں جلسہ ہوگا جس سے قائدین خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں