زرد جیکٹس تحریک، فرانسیسی صدر آج قوم سے خطاب کریں گے

فوٹو: فائل


پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکران آج (پیر)  پٹرولیم قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین (زرد جیکٹس)کے حوالے سے قوم سے خطاب کریں گے۔

فرانسیسی صدر پیر کی صبح ٹریڈ یونین کے ارکان، مختلف اداروں کے مالکان اور مقامی عوامی نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور گزشتہ ہفتے کےدوران ایک غیرمتوقع احتجاجی مظاہرے کے دوران ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ایمانوئیل میکران پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران فرانس میں مسلسل فیول ٹیکس، مہنگائی اور اسی طرح کے دیگر معاملات کے خلاف لاکھوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سرکاری اور نجی املاک کی توڑ پھوڑ بھی کی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 1700 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔

دارالحکومت پیرس میں دس ہزار سے زائد مظاہرین نے حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔

زرد جیکٹس تحریک کیا ہے

فرانس میں گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے زرد جیکٹس تحریک شروع ہوئی کیونکہ مظاہرین زرد جیکیٹیں پہن کر سڑکوں پر نکل آئے۔

فرانس کے قانون کے مطابق ہر ڈرائیور کو دور سے نظر آنے والی یہ زرد جیکٹ اپنی گاڑی میں رکھنا لازمی ہے۔

فرانس میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 12 مہینوں میں 23 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جس پر عوام کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں