ٹیکس کے بغیر کیسے چلے گا؟ فواد چوہدری

اوورسیز پاکستانی ایک موبائل فون لا سکتے ہیں اضافی پر ٹیکس عائد کیا جائے گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ایک موبائل فون لا سکتے ہیں لیکن اضافی فون لانے پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیرون ملک مقیم پاکستانی نے وزیر اطلاعات سے فون پر ٹیکس لگانے کا شکوہ کیا تو فواد چوہدری نے جواب میں لکھا کہ ہم 2 ارب ڈالر کے موبائل درآمد کر رہے ہیں اس پر ٹیکس نہیں کریں گے تو کیسے چلے گا؟

 

وزیر اطلاعات نے ٹویٹراکاؤنٹ پر  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ میں خطیر رقم جمع کرانے کے حوالے سے ٹویٹ کیا تھا۔ جس کے جواب میں صارف نے ان سے شکوہ کیا کہ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر موبائل فون لانے پر پابندی عائد کی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے۔ مہنگے فون پر 38 فیصد ٹیکس ہے، اس سے زیادہ مناسب ٹیکسیشن کیا ہو گی۔

وزیر اطلاعات نے جوابی ٹویٹ میں لکھا کہ ہمیں ٹیکس کلچر اپنانا ہو گا۔

 

واضح رہے کہ حکومت نے اووسیز پاکستانیوں پر اضافی موبائل فون لانے پر ٹیکس لگانے کے احکامات جاری کیے تھے، اس کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 82 ملین کے موبائل فونز پر ٹیکس ادا ہو رہا ہے۔ ڈھائی ارب روپے کے موبائل فونز غیر قانونی طریقے سے آ رہے ہیں جن پر ٹیکس ادا نہیں ہو رہا۔

وزیر مملکت حماد اظہر کا کہنا تھا کہ لگیج رولز کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ موبائل فون لانے کی اجازت ہو گی لیکن بقیہ 4 موبائل فونز پر انکو ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔


متعلقہ خبریں