برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار 96 برس کے ہو گئے

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار آج اپنی 96ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

بھارت میں دلیپ کمار کے نام سے پہچانے جانے والے  ٹریجڈی کنگ محمد یوسف خان 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے، 1940 میں بھارت کے شہر پونے منتقل ہوئے اور خشک میوہ جات کی فروخت کو ذریعہ معاش بنا لیا۔

برصغیر کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ستارے نے فنی زندگی کا آغاز جوار بھاٹا سے کیا، فلم جگنو میں لازوال کردار نبھانے پر انہیں  ٹریجڈی کنگ یعنی المیہ کرداروں کا بادشاہ پکارا جانے لگا۔

60 سالہ فلمی کریئر پر محیط سفر میں دلیپ کمار نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، انہیں بالی ووڈ کی تاریخ کا کامیاب اور عظیم ترین اداکار تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے 1966 میں بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔ بالی ووڈ کے اس جوڑے کو آج بھی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ہر کردار کو دل سے نبھا کر امر کرنے والے دلیپ کمار کو بھارتی حکومت نے 1995 میں ہندوستان کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ “دادا صاحب پھالکے ایوارڈ” سے نوازا۔

حکومت پاکستان نے بھی انہیں سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا تھا، دلیپ کمار پاکستانی حکومت کی جانب سےیہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔

دلیپ کمار فلم مغل اعظم میں

سنگ دل، ام، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں جن میں کام کرنے کے دوران میں انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب دیا گیا، لیکن انہوں نے فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ لوگوں کو ہنسا نے کا فن بھی جانتے ہیں۔

1998 میں فلم قلعہ میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد دلیپ کمار نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔


متعلقہ خبریں